بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان کی ایکشن سے بھرپور فلم ’سکندر‘ باکس آفس پر وہ دھوم دھام نہ دکھا سکی جس کا مداحوں کو بے صبری سے انتظار تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان اور رشمیکا مندانا کی جوڑی والی یہ فلم گزشتہ روز سنیما گھروں میں ریلیز ہوئی لیکن توقعات کے برعکس اس نے پہلے دن صرف 26 کروڑ روپے کا کاروبار کیا جو فلم سازوں اور تجزیہ کاروں کے لیے مایوس کن رہا۔
فلم کے ہندی ورژن کی اوسط نشستوں کی شرح 23.47 فیصد رہی جو اس کی بھرپور تشہیر کے باوجود غیر معمولی طور پر کم ہے۔
معروف تجزیہ کار ترن آدرش نے ’سکندر‘ کو صرف دو اسٹارز دیے جبکہ کومل ناہاٹا نے کہا کہ فلم کے آن لائن لیک ہونے سے اسے پہلے ہی نقصان اٹھانا پڑا۔
عید کے موقع پر سلمان خان کے ’بڑے تحفے‘ کے طور پر پیش کی گئی یہ فلم حال ہی میں ریلیز ہونے والی دیگر فلموں کے مقابلے میں پیچھے رہ گئی۔
وکی کوشل کی فلم ’چھاوا‘ نے پہلے دن 31 کروڑ روپے کمائے جو ’سکندر‘ سے 5 کروڑ زیادہ ہیں۔
اسی طرح سلمان کی پرانی کامیاب فلم ’ٹائیگر زندہ ہے‘ نے افتتاحی دن 33 کروڑ کا بزنس کیا تھا جسے ’سکندر‘ عبور نہ کرسکی۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ فلم کی ناکامی نے مداحوں اور انڈسٹری دونوں کو حیران کر دیا ہے۔