پاکستان میں شوال کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا۔ پاکستان میں شوال کا چاند آج نظر آنے کا قوی امکان ہے۔
چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولاناعبدالخبیرآزاد اجلاس کی صدارت کریں گے، کراچی، لاہور، کوئٹہ اور پشاور میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس منعقد ہوں گے، چاند کے بارے میں حتمی فیصلہ چیئرمین رویت ہلال کمیٹی کریں گے۔
محکمہ موسمیات، سپارکو اور ریسرچ رویت ہلال کونسل کی پیشگوئی کے مطابق چاند کی پیدائش ہوچکی۔ آج مغرب کے وقت عمر 26 گھنٹے سے زیادہ ہوگی۔ چاند انسانی آنکھ سے بھی آسانی سے نظر آسکے گا۔
محکمہ موسمیات نے بھی چاند نظر آنے کی اُمید ظاہر کردی۔ کہا اتوار کو مغرب کے وقت چاند کی عمر چھبیس گھنٹے سے زیادہ ہوگی۔ چاند دکھائی دینے کیلئے اس کی عمر 19 گھنٹے ہونا ضروری ہے۔
اتوار کو مطلع کہیں صاف،کہیں بادل چھائے رہیں گے، غروب آفتاب شام 6 بجکر 48 منٹ اور غروب قمر7 بجکر13 منٹ پر ہونے کا امکان ہے۔
ترجمان اسپارکو کے مطابق بھی اتوار کو شوال کا چاند نظر آنے کے روشن امکانات ہیں۔ چاند انسانی آنکھ سے آسانی سے نظر آئے گا۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی ملک بھر سے موصول گواہیوں کا جائزہ لے کر شوال کا باقاعدہ اعلان کرے گی۔