عالمی بینک نے پاکستان کے صوبہ پنجاب میں فضائی آلودگی کے خاتمے کے لیے 30 کروڑ ڈالر کے قرض کی منظوری دے دی۔
یہ رقم پنجاب کلین ایئر پروگرام کے تحت فراہم کی جائے گی جس کا مقصد ہوا کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے جامع اقدامات اٹھانا اور عوامی صحت میں سدھار لانا ہے۔
عالمی بینک کے مطابق اس پروگرام سے صوبائی حکومت کے اسموگ مٹی گیشن ایکشن پلان کو تقویت ملے گی اور ہوا کے معیار کے بہتر انتظام کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نے کہا کہ پنجاب کلین ایئر پروگرام اسموگ کو کم کرنے کے منصوبوں میں معاون ثابت ہوگا اور یہ لاکھوں شہریوں کی صحت و بہبود کو بہتر بنانے کی اہم کوشش ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ صاف ہوا سے سانس اور دل کی بیماریوں میں کمی آئے گی۔
عالمی بینک کا کہنا ہے کہ یہ پروگرام اس کے نئے کَنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کے مطابق ہے اور اس کا ہدف اگلے 10 برسوں میں پی ایم 2.5 کی سطح میں 35 فیصد تک کمی لانا ہے۔