سابق سیکرٹری خارجہ نجم الدین اے شیخ کراچی میں انتقال کرگئے۔ دفتر خارجہ کی جانب سے تعزیتی بیان جاری کردیا گیا، جس میں کہا گیا ہے کہ نجم الدین اے شیخ نے زندگی کی 4 دہائیاں پاکستان کی خدمت کیلئے وقف کیں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری تعزیتی بیان میں کہا گیا کہ سابق سیکریٹری خارجہ نجم الدین شیخ جمعہ کی صبح 85 سال کی عمر میں کراچی میں اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔
دفتر خارجہ کے مطابق نجم الدین اے شیخ نے اپنی زندگی کی تقریباً چار دہائیاں غیرمعمولی عزم اور امتیاز کے ساتھ پاکستان کی خدمت کیلئے وقف کیں، ان کے شاندار کیرئیر میں جرمنی، کینیڈا، امریکا اور ایران میں بطور سفیر تعیناتیاں شامل ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ نجم الدین شیخ نے مہارت سے پاکستان کے سفارتی مفادات کو آگے بڑھایا، انہوں نے انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد کے بورڈ آف گورنرز میں خدمات انجام دیں اور وہ سندھ کونسل آف فارن ریلیشنز کے بانی رکن تھے۔