انٹربینک مارکیٹ میں جمعہ کو کاروبار کے ابتدائی سیشن کے دوران ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں 0.08 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
کاروبار کے آغاز پر ڈالر کے مقابلے میں روپیہ 22 پیسے کی بہتری سے 280 روپے پر آگیا۔ یاد رہے کہ جمعرات کو روپیہ 280.22 پر بند ہوا تھا۔
عالمی سطح پر جمعہ کو امریکی ڈالر مستحکم رہا تاہم آئندہ ہفتے اسے سہ ماہی نقصان کا سامنا ہوسکتا ہے۔ امریکی معیشت کی سست روی سے متعلق خدشات، خاص طور پر ٹیرف کے اثرات، نے امریکی بانڈ ییلڈز، اسٹاک مارکیٹ اور ڈالر کی قدر کو دباؤ میں رکھا ہے۔
یورو جو 1.08 ڈالر سے کچھ کم ہے ایک سال سے زائد عرصے میں اپنی سب سے بڑی سہ ماہی بڑھوتری کی جانب بڑھ رہا ہے۔ 2025ء کے آغاز سے اب تک اس میں 4 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا۔
جاپانی ین معمولی مضبوطی کے ساتھ 151.19 فی ڈالر پر رہا اور سہ ماہی بنیاد پر تقریباً 4 فیصد اضافے کی جانب گامزن ہے۔
اگر ماہانہ بنیاد پر افراط زر میں اضافہ 0.3 فیصد سے کم رہا، جیسا کہ رائٹرز کے ماہرین اقتصادیات کی توقع ہے، تو یہ ڈالر اور امریکی شرح سود پر دباؤ برقرار رکھ سکتا ہے۔