پارلیمنٹ کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کی اسکالر شپ لے کر بیرون ملک ڈیرے ڈالنے والے طلبا کے خلاف ایکشن لینے کا فیصلہ کر لیاہے ، مفرور طلبا کے نام میڈیا میں جاری کرنے، پاسپورٹ منسوخ کرنے اور ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرنےکی سفارش کردی گئی ۔۔
جنید اکبر خان کی زیر صدارت پارلیمنٹ کی پبلک اکاونٹس کمیٹی کا اجلاس ہوا ۔ آڈٹ حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ سرکاری وظیفے پر باہر جاکر پڑھنے والے واپس نہیں آتے ان سے ڈیڑھ ارب روپے وصول کرنے ہیں ۔ چیئرمین کمیٹی جنید اکبر نے کہا کہ سرکاری وظائف پر پڑھنے کی بجائے نوکریاں کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے ۔
اجلاس میں آڈٹ حکام نے بتایا قائد اعظم یونیورسٹی میں اکیڈیمک اور گرلز ہاسٹل کی تین عمارتیں بلڈنگ پلان کی منظوری کے بغیر بنائی گئیں ۔ وائس چانسلر قائد اعظم یونیورسٹی نے بتایا یونیورسٹی میں پہلے بھی پچاس کے قریب عمارتیں بلڈنگ پلان کی منظوری کے بغیر ہی بنائی گئی تھیں ۔ لیکن آڈٹ کی سفارشات کے تحت سی ڈی اے کے ساتھ بیٹھ کر ایک ہفتے میں معاملہ حل کر لیں گے ۔
یونیورسٹی آف گلگت بلستان کیلئے پی سی ون سے پہلے فزیبلٹی اسٹڈی نہ ہونے سے متعلق آڈٹ پیرا کا بھی جائزہ لیا گیا ۔۔۔ حنا ربانی کھر بولیں تنخواہوں کیلئے فنڈز جاری نہیں کیے جائیں گے تو تنخواہیں کیسے ملیں گی ۔۔ قراقرم یونیورسٹی میں انجنیئرنگ سہولت کے قیام میں تاخیر کا آڈٹ اعتراض کا بھی جائزہ لیا گیا ۔