بھارتی ساؤتھ فلموں کے 68 سالہ سینئر اداکار راجندر پرساد نے آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی اور اب اداکاری میں قدم رکھنے والے ڈیوڈ وارنر کو اپنے بیٹے جیسا قرار دے کر تنازع کھڑا کر دیا تاہم بعد میں انہوں نے معافی مانگ لی۔
فلم "رابن ہڈ" کے پری ریلیز ایونٹ کے دوران راجندر پرساد نے ڈیوڈ وارنر جو ان سے 30 سال چھوٹے ہیں کے بارے میں ایک تبصرہ کیا جسے انٹرنیٹ صارفین نے توہین آمیز قرار دیا۔
اس ردعمل کے بعد اداکار نے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے وضاحت پیش کی اور معذرت کی۔
راجندر پرساد نے کہا کہ ایونٹ کے دوران ہم سب ہنسی مذاق کر رہے تھے، میرا ڈیوڈ وارنر کے بارے میں کیا گیا تبصرہ غیر ارادی تھا، میں نے اسے کہا کہ وہ میرے بچوں جیسا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس سے قبل ہم دونوں ایک دوسرے کے شعبوں پر مذاق کر رہے تھے اور وارنر نے مجھے گلے لگایا تو میں نے کہا کہ وہ خود کو اداکار کے طور پر ثابت کرے جس کے جواب میں اس نے کہا کہ تم خود کو کرکٹر ثابت کرو۔
اداکار نے یہ بھی کہا کہ میں ڈیوڈ وارنر سے محبت کرتا ہوں، مجھے اس کی کرکٹ پسند ہے اور اسے ہماری فلمیں اور اداکاری اچھی لگتی ہے، اگر میرے رویے سے کسی کو تکلیف پہنچی تو میں معذرت خواہ ہوں اور وعدہ کرتا ہوں کہ آئندہ ایسا نہیں ہوگا۔