فری عمرہ کا جھانسہ دے کر معصوم شہریوں سے منشیات اسمگل کروانے کا دھندہ بے نقاب ہو گیا۔ فیصل آباد کی تحصیل تاندلیانوالہ کے ایک ہی گاؤں کے دو خواتین سمیت پانچ افراد کو سعودی عرب میں منشیات اسمگلنگ کے الزام میں 25، 25 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔
متاثرین کے اہلخانہ نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ ان کے بے گناہ پیاروں کو رہا کروانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ ان میں شامل ایک قیدی نئیر عباس کی والدہ نے بتایا کہ ان کا بیٹا چھ ماہ قبل فری عمرے کے لیے روانہ ہوا تھا، جہاں ایجنٹس نے اسے گفٹ پیک دیے، جن میں سے جدہ پہنچنے پر منشیات برآمد ہوئیں اور اسے گرفتار کر لیا گیا۔
اسی گاؤں کے دیگر چار افراد بھی اسی دھوکے کا شکار ہو کر سخت سزا بھگت رہے ہیں۔ متاثرین کے اہلخانہ انصاف کے لیے دربدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔
ایف آئی اے کی جانب سے منشیات اسمگلنگ گینگ کے سرغنہ اسراراللہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے، تاہم متاثرین کے اہلخانہ تاحال داد رسی کے منتظر ہیں۔