سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کسی سے کوئی معافی نہیں مانگیں گے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کسی سے کوئی معافی نہیں مانگیں گے اور یہ سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، اگر کسی کے دل میں ایسا خیال ہے تو نکال دے۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ گرینڈ اپوزیشن اتحاد کیلئے بات چیت بھرپور انداز میں آگے بڑھ رہی ہے۔
سلمان اکرم راجا کا کہنا کہنا تھا کہ بڑی تحریک کا مطلب اپنے اندر بہت سے معنی رکھتا ہے ، جے یو آئی سمیت دیگر جماعتوں سے بہت اچھی بات چیت چل رہی ہے اور نظر آرہا ہے کہ ایک بڑا ہمہ گیر قومی اتحاد بنے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے اتحاد کا مقصد ملک میں آئین ، انسانی حقوق اور شرافت کی بحالی ہے جبکہ اُن دوستوں کو دعوت دے رہے ہیں جو آئین و جمہوریت کیلئے کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ ، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کو اپنے طرز عمل پر نظرثانی کرنا ہوگی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ فی الحال مستفید ہونے والی اِن جماعتوں سے بات چیت کا امکان نہیں ہے۔