بالی وڈ اداکار عمران ہاشمی نے پاکستانی سینئر اداکار جاوید شیخ کے اپنے بارے میں منفی بیان کو حیران کن اور عجیب قرار دے دیا۔
یاد رہے کہ حال ہی میں پاکستانی اداکار جاوید شیخ نے ایک نجی ٹی وی پروگرام میں بات چیت کے دوران بالی وڈ اداکار عمران ہاشمی کے نامناسب رویے کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ فلم "جنت" کے پروڈیوسر مہیش بھٹ تھے اور اس کا ہدایت کار نیا تھا، جب انہیں فلم کی کہانی سنائی گئی تو اس وقت تک ان کی عمران ہاشمی سے ملاقات نہیں ہوئی تھی۔
جاوید شیخ نے بتایا کہ شوٹنگ کے دوران جب ہدایت کار نے عمران سے ان کا تعارف کروایا اور انہوں نے مصافحہ کے لیے ہاتھ بڑھایا تو عمران ہاشمی منہ پھیر کر وہاں سے چل دیا جس سے شدید غصہ آیا۔
پاکستانی سینئر اداکار کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے عمران ہاشمی نے کہا کہ مجھے جاوید شیخ کے ساتھ اپنی پہلی ملاقات یاد نہیں کیونکہ یہ کافی پرانا واقعہ ہے لیکن مجھے اتنا یاد ہے کہ میرے اور انکے تعلقات ہمیشہ اچھے رہے۔
عمران ہاشمی کا کہنا تھا کہ جاوید شیخ کا بیان عجیب ہے، اس وقت میری عمر 20 سال تھی اور وہ میری عمر کے نہیں تھے، اس لیے ہم کبھی دوست نہ بن سکے، لیکن ان کے اس دعوے کے بارے میں مجھے کچھ یاد نہیں، مجھے نہیں پتا کہ جاوید شیخ اپنے ساتھ کیا خیالات لے کر گئے۔