کراچی کے علاقے ملیر ہالٹ کے قریب ایک دل دہلانے والا واقعہ پیش آیا جہاں ایک واٹر ٹینکر نے موٹرسائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں حاملہ خاتون اور ان کے شوہر موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
حادثے کے دوران زخمی خاتون نے ایک بچے کو جنم دیا لیکن بدقسمتی سے نو مولود بھی جانبر نہ ہو سکا۔
ریسکیو حکام کے مطابق یہ المناک حادثہ ملیر ہالٹ کے قریب اس وقت پیش آیا جب واٹر ٹینکر نے تیز رفتاری سے موٹرسائیکل سوار میاں بیوی کو کچل دیا جبکہ متوفیوں کی شناخت 24 سال کی زینب ، 26 سال کے عبدالقیوم کے نام سے ہوئی۔
پولیس نے بتایا کہ خاتون حاملہ تھی اور شدید زخمی حالت میں اس نے بچے کو جنم دیا مگر بچہ بھی زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گیا۔
پولیس کے مطابق واٹر ٹینکر کے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور گاڑی کو بھی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ حادثہ ممکنہ طور پر واٹر ٹینکر کے بریک فیل ہونے کی وجہ سے پیش آیا۔
پولیس نے مزید بتایا کہ واٹر ٹینکر ہائی وے سے تیزی کے ساتھ شارع فیصل کی طرف آرہا تھا اور ملیر ہالٹ پل کے نیچے سے گزرتے ہوئے اس نے موٹرسائیکل سوار جوڑے کو اپنی زد میں لے لیا۔