بنوں کینٹ میں موٹر سائیکل سواروں کی دراندازی کی کوشش پر سیکیورٹی اہلکاروں کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ دوسرا گرفتار کر لیا گیا۔ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق، 24 مارچ 2025 کو دوپہر 1 بج کر 15 منٹ پر، دو موٹر سائیکل سواروں نے ممنوعہ علاقے میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ واضح رہے کہ 4 مارچ کو بنوں کینٹ پر حملے کے بعد وہاں سخت حفاظتی اقدامات نافذ تھے، اور سڑک مرمتی کاموں کی وجہ سے عام آمد و رفت کے لیے بند تھی۔
سیکیورٹی اہلکاروں نے موٹر سائیکل سواروں کو فوری طور پر روکنے کے لیے وارننگ دی، لیکن انہوں نے احکامات کو نظر انداز کر دیا۔ جیسے ہی انہوں نے دو رکاوٹیں توڑ کر اس حساس مقام کی طرف بڑھنا شروع کیا، جہاں چند ماہ قبل ایک خوفناک خودکش دھماکہ ہو چکا تھا، سیکیورٹی فورسز نے سیٹی بجا کر اور ہوائی فائرنگ کرکے آخری وارننگ دی۔ تاہم، ان ہدایات کو بھی نظر انداز کر دیا گیا، جس پر اہلکاروں کو فائرنگ کرنا پڑی۔
فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر جاں بحق ہو گیا، جبکہ دوسرا فرد زندہ گرفتار کر لیا گیا۔ سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ یہ عمل پروٹوکول کی خلاف ورزی اور دشمن عناصر کی روایتی حکمت عملی کے عین مطابق تھا، جس کے باعث کارروائی ضروری ہو گئی۔ جب تمام انتباہات کو نظر انداز کر دیا گیا، تو سیکیورٹی اہلکار نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ایک حملہ آور مارا گیا، جبکہ دوسرا شخص زندہ گرفتار کر لیا گیا۔
اب کچھ مخصوص عناصر اسے معصوم شہری قرار دے کر ریاستی اداروں کے خلاف پروپیگنڈہ کر رہے ہیں، لیکن حقیقت یہ ہے کہ کوئی عام شہری حساس فوجی علاقے میں زبردستی داخل ہونے اور سیکیورٹی رکاوٹیں توڑنے کی کوشش کیوں کرے گا؟
انتظامیہ نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شفاف تحقیقات کی یقین دہانی کرائی ہے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔