ٹوبہ ٹیک سنگھ میں غیرت کے نام پر قتل ہونے والی ماریہ کیس کا فیصلہ سنادیا گیا۔ عدالت نے والد اور بھائی کو سزائے موت سنا دی جبکہ ویڈیو بنانے والا بھائی اور مقتولہ کی بھابھی بری ہوگئے۔
ٹوبہ ٹیک سنگھ کے نواحی گاؤں میں 30 مارچ 2024 کو پیش آنے والے لرزہ خیز قتل کیس کا فیصلہ ایڈیشنل سیشن جج عبدالحفیظ بھٹہ نے سنایا۔ مقتولہ ماریہ کو غیرت کے نام پر اس کے حقیقی بھائی محمد فیصل نے والد عبدالستار کی موجودگی میں گلا دبا کر قتل کردیا تھا۔
عدالت نے دونوں کو سزائے موت اور فی کس 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔ مقتولہ کے دوسرے بھائی محمد شہباز جس نے قتل کی ویڈیو بنائی تھی، اور بھابھی سمیرا کو عدالت نے بری کر دیا۔
خیال رہے کہ اس قتل کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد مقامی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کرلیا تھا۔