حکومت کا ایک بار پھر مہنگائی میں کمی کا دعویٰ، وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتے ٹماٹر، آلو اور پیاز سمیت 18 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی، چینی کے نرخوں میں بھی ڈیڑھ روپے فی کلو کمی اور مختلف شہروں میں 164 سے 180 روپے فی کلو فروخت ہوئی۔ کیلے، بریڈ، بیف اور کپڑے مہنگے ہوئے۔
شہریوں کی رمضان المبارک میں مہنگائی کی دہائی لیکن وفاقی ادارہ شماریات کی سوئی کسی اور جگہ اٹکی ہوئی ہے، ماہ صیام کے تیسرے ہفتے مہنگائی کی شرح میں 0.35 فیصد کمی کا دعویٰ کر دیا۔
رپورٹ کے مطابق سالانہ بنیاد پر مہنگائی کی شرح منفی 1.20 فیصد ریکارڈ کی گئی، گزشتہ ہفتے 18 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی آئی۔
وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر 7 فیصد، پیاز 6 فیصد، لہسن 5.5 فیصد سستے ہوئے، انڈے، آلو، دال چنا، چائے، چینی، جلانے کی لکڑی کی قیمتوں میں بھی کمی آئی۔ چینی تقریباً ڈیڑھ روپے کلو سستی ہوئی اور اس کی اوسط قیمت 170 روپے 41 پیسے فی کلو رہی۔ البتہ راولپنڈی، اسلام آباد اور پشاور میں 180 روپے فی کلو تک فروخت ہوتی رہی۔
گزشتہ ہفتے 11 اشیاء مہنگی ہوئیں جبکہ 22 کی قیمتوں میں استحکام رہا، کیلے، بریڈ، بیف، دہی، نمک، کپڑے، سگریٹ اور ایل پی جی کے نرخوں میں اضافہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق سالانہ بنیاد پر پیاز 68 فیصد، گندم کا آٹا 35 فیصد، ٹماٹر 29 فیصد، مرچ 20 فیصد، چائے 17 فیصد اور دال ماش 14 فیصد سستی ہوئیں، ایک سال میں بجلی 18.92 فیصد، ڈیزل 9.37 فیصد، پیٹرول 8.55 فیصد سستا ہوا۔