وزیر صنعت و تجارت پنجاب چوہدری شافع حسین نے کہا ہے کہ صوبے میں بند پڑے میٹ پلانٹس کو دوبارہ آپریشنل بنانے کے لیے پنجاب حکومت نے آذربائجان کی میٹ کمپنی کی خدمات حاصل کر لی ہیں۔
لاہور میں وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے لائیو اسٹاک، فارماسیوٹیکل اور دیگر شعبوں سے وابستہ آذربائجان کے سرمایہ کار وفد سے ملاقات کی۔ ملاقات میں طے پایا کہ آذربائجان کی کمپنی صوبے میں بندپڑے میٹ پلانٹس کو چلائے گی، جبکہ پنجاب حکومت پلانٹ کے رینٹ کی مد میں ہر ماہ خاطر خواہ رقم فراہم کرے گی۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ بند پلانٹس کے فعال ہونے سے نہ صرف گوشت کی برآمد بڑھے گی بلکہ مقامی سطح پر روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ انہوں نے آذربائجان کے وفد سے کہا کہ وہ اپنی مطلوبہ اور درکار اشیا کی فہرست فراہم کریں، حکومت ان کی اشیا کی برآمد کا اہتمام کرے گی۔
غیر ملکی وفد کے سربراہ مسٹر بابک کا کہنا تھا کہ آذربائجان کی حکومت پاکستان میں دو ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے جا رہی ہے۔