سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز کی بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی عدم استحکام کا فائدہ غیر ریاستی عناصر اٹھا رہے ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں شبلی فراز کا کہنا تھا کہ ملک میں سیاسی استحکام ہو گا تو امن آئے گا، اس وقت پورا ملک دہشتگردی کی لپیٹ میں ہے، مکمل قیام امن کیلئےسیاسی استحکام ضروری ہے۔
دوسری جانب بولان پاس کے علاقے میں جعفر ایکسپریس پر حملہ کرنے والے 27 دہشتگرد جہنم واصل کردیے گئے۔ سیکیورٹی فورسز نے 155 مسافروں کو بازیاب کرا لیا۔ اٹھاون مرد، 31 خواتین اور 15 بچے شامل ہیں۔ پچاس سے زائد مسافروں کو کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پہنچایا گیا۔
حملے میں ٹرین ڈرائیور امجد یاسین شہید ہوگئے۔ انسانیت کے دشمنوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کا آپریشن جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق دہشتگرد افغانستان میں ماسٹر مائنڈ اور سہولت کاروں سے رابطے میں ہیں، دہشتگرد چھوٹی ٹولیوں میں تقسیم ہو گئے ۔ خودکش بمباروں نے تین مقامات پر عورتوں اور بچوں کو یرغمال بناکر ڈھال بنا رکھا ہے۔ خودکش بمباروں کے ساتھ عورتوں اور بچوں کی موجودگی کے باعث آپریشن میں احتیاط برتی جارہی ہے۔