چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) بلاول بھٹو کی سربراہی میں وفد نے کینالوں سے متعلق اعتراضات وزیراعظم شہباز شریف کے سامنے پیش کر دیئے۔
پیر کے روز وزیراعظم شہبازشریف کی جانب سے بلاول بھٹو زرداری کے اعزاز میں افطار اور عشائیہ دیا گیا جس کے دوران پی پی چیئرمین نے وزیرِاعظم ہاؤس میں وفد کے ہمراہ شہباز شریف سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نےعام آدمی کی زندگی بہتر بنانے کیلئے فعال اور متحرک کردار ادا کرنے پر پی پی قیادت کو سراہا اور کہا کہ بہتر ملکی مستقبل کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر کام کرنا ہے۔
اس موقع پر بلاول بھٹو کی سربراہی میں وفد نے کینالوں سے متعلق اعتراضات وزیراعظم کے سامنے پیش کیے اور انہیں کرم میں امن وامان کی صورت حال پر خدشات سے بھی آگاہ کیا۔
پیپلز پارٹی وفد نے وزیراعظم شہباز شریف سے بلوچستان کے سیلاب متاثرین کی اب تک داد رسی نہ ہونے کا شکوہ بھی کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے پیپلز پارٹی کے تحفظات حل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔
اعلامیہ
ملاقات کے اعلامیہ کے مطابق شرکاء نے وزیراعظم کی قیادت میں حکومت کی معاشی پالیسیوں اور ان کے نتیجے میں ملک میں حالیہ معاشی استحکام پر وزیرِ اعظم و انکی ٹیم کی انتھک کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
وفد کے شرکاء کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی حکومت کے ملکی ترقی و معاشی استحکام اور عام آدمی کی زندگی کو بہتر بنانے کیلئے ہر اقدام میں حکومت سے مکمل تعاون فراہم کرے گی۔
پاکستان پیپلز پارٹی نے وزیرِ اعظم کے حکومتی امور میں اتحادیوں سے مشاورت، انکی رائے کے احترام اور انکو اعتماد میں لینے کے اقدام پر وزیرِ اعظم کا شکریہ ادا کیا۔
وفد نے وزیرِ اعظم کی قیادت میں ملکی معیشت کی ترقی کیلئے اپنے بھرپور تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔