حکومت نے عید الفطر پر ٹرینوں کے کرایوں میں کمی کا اعلان کردیا، وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کا کہنا ہے کہ عید الفطر کیلئے 25 رمضان سے 4 خصوصی ٹرینیں چلائیں گے۔
وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عیدالفطر پر ٹرینوں کے کرایوں میں کمی کریں گے، 25 رمضان المبارک سے 4 خصوصی عید ٹرینیں چلارہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ریلوے کی آمدنی میں اضافے اور اخراجات میں کمی لائی جائے گی، ریلوے کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے مزید ترقی کرے گی، مسافروں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم کارگو کی طرف آرہے ہیں، کارگو کے نظام کو مزید وسعت دیں گے، کارگو کے بارے میں تفصیلی گفتگو کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ میں نے جو وعدہ کیا وہ پورا کرکے دکھاؤں گا، وزیراعظم بھی وعدہ پورا کررہے ہیں، شرح سود سنگل ڈیجٹ پر آگیا ہے، ترسیلات زر 3 ارب 80 کروڑ سے 18 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، ترسیلات زر 33 ارب تک پہنچانا ہے۔
حنیف عباسی کا کہنا ہے کہ ریلوے کو صاف ستھرا ادارہ بنادیں گے، ہم کارگو کا ہدف ڈبل کررہے ہیں، ایم ایل ون پر روس، کوریا، یو اے ای کے ساتھ بات چل رہی ہے، ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہوا کہ ایم ایل ون کس کو دینا ہے۔
وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ سابق حکومتوں کی نااہلی سے سی پیک کو پیک کردیا گیا، ریلوے کی سیکیورٹی اچھی نہیں ہے، رائے طاہر اچھے پولیس افسر ہیں انہیں ٹاسک دیدیا ہے۔