نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے جدہ میں او آئی سی وزرائے خارجہ کی کونسل کے غیر معمولی اجلاس کے موقع پر متعدد ممالک کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں اور ان ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط کرنے اور علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بنگلہ دیش کے مشیر خارجہ سے ملاقات
اسحاق ڈار نے بنگلہ دیش کے مشیر برائے امور خارجہ محمد توحید حسین سے ملاقات کی جس کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاک ،بنگلہ دیش تعلقات کی موجودہ رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ پانچ ماہ سے کم عرصے میں دونوں رہنماؤں کی دوسری ملاقات تھی۔
نائب وزیراعظم نے دونوں ممالک کے تاریخی، مذہبی اور ثقافتی روابط کو اجاگر کرتے ہوئے انہیں مزید مستحکم کرنے پر زور دیا۔
ترک وزیر خارجہ سے ملاقات
اسحاق ڈار کی ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان سے بھی ملاقات ہوئی اور اس دوران دونوں رہنماؤں نے تازہ ترین جغرافیائی و سیاسی پیش رفت پر بات چیت کی اور مختلف شعبوں میں پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات کو مزید گہرا کرنے پر اتفاق کیا۔
دونوں ممالک کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
مصر کے وزیر خارجہ سے ملاقات
نائب وزیراعظم نے مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی سے بھی ملاقات کی۔
دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا اور غزہ کی سنگین صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
ملاقات میں سیاسی، دفاعی، ثقافتی اور اقتصادی تعلقات کو مضبوط کرنے کے ساتھ ساتھ عوامی سطح پر روابط بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
دونوں ممالک نے فلسطینی کاز کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ بھی کیا۔
ان ملاقاتوں سے پاکستان کے دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے اور عالمی مسائل پر مشترکہ موقف اپنانے کی کوششوں کا عکاس ہے۔