پاکستان کے سابق ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی نے پاکستان میں موجود کرکٹ ٹیلنٹ کی تعریف کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو بہتر نتائج کے حصول کے لیے اہم تجاویز پیش کی ہیں۔
سابق ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں لیکن اسے صحیح طریقے سے چننے اور سپورٹ کرنے کی ضرورت ہے۔
گلیسپی نے بھارت کے سابق کپتان سنیل گواسکر کے اس بیان پر بھی سخت ردعمل دیا جس میں گواسکر نے چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کی ناکامی پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ موجودہ پاکستانی ٹیم شاید بھارت کی بی ٹیم سے بھی ہار جائے۔
گلیسپی نے اسے "بکواس" قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر پاکستان صحیح کھلاڑیوں کا انتخاب کرے اور انہیں گیم ڈیویلپمنٹ کے لیے مناسب وقت دے تو وہ کسی بھی ٹیم کو شکست دے سکتا ہے۔
سابق کوچ نے مزید کہا کہ نئے ٹیلنٹ کے ساتھ صبر سے کام لینا ضروری ہے۔
انہوں نے پی سی بی کو مشورہ دیا کہ اگر بورڈ اچھے نتائج چاہتا ہے تو سلیکشن میں میرٹ کو ترجیح دی جائے، صحیح لوگوں کو مناسب ذمہ داریاں سونپی جائیں اور انہیں بھرپور سپورٹ فراہم کی جائے۔
گلیسپی کا کہنا تھا کہ کوچز کو بھی مناسب مواقع اور وقت دینا ہوگا ورنہ نتائج میں بہتری نہیں آئے گی۔
واضح رہے کہ گلیسپی نے حال ہی میں ایک اور بیان میں پاکستان کے موجودہ عبوری ہیڈ کوچ عاقب جاوید کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔