وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ، مواصلات اور نجکاری عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ امید ہے پی آئی اے کی نجکاری کے تمام مراحل آئندہ 3 ماہ میں طے کر لیں گے۔ نجکاری میں دلچسپی رکھنے والے سرمایہ کاروں کے تمام تحفظات دور کردئیے۔
پی آئی اے کی نجکاری سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ حکومت نے خواہشمند سرمایہ کاروں کے مطابق پی آئی اے میں ضروری تبدیلیاں لانے کا فیصلہ کیا تاکہ نجکاری کو مزید پرکشش بنایا جا سکے ۔ نجکاری میں انویسٹرز کی بھرپور دلچسپی متوقع ہے ۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ یورپ کے لیے پروازوں کے آغاز سے نجکاری کا ماحول مزید سازگار ہوگا جبکہ حالیہ اقدامات کے باعث قومی ایئرلائن دوبارہ منافع بخش ہو رہی ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ تین ماہ میں برطانیہ کے لیے بھی پی آئی اے کی فلائٹس شروع کی جا رہی ہیں ۔ یورپ اور برطانیہ کے بعد اگلے مرحلے میں امریکا اور مشرقی ایشیا کے لیے بھی پروازیں بحال کی جائیں گی۔