وفاقی حکومت نے پنشن کے تعین کے نئے طریقہ کار سے متعلق وضاحتی نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ وزارت خزانہ کے مطابق پنشن کا حساب اب آخری دو سال کی اوسط تنخواہ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق یکم جنوری 2025 سے دوہری یا ملٹی پل پنشن لینے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، تاہم یہ شرط ان وفاقی ملازمین پر لاگو نہیں ہوگی جو یکم جنوری 2025 سے پہلے دوہری پنشن وصول کر رہے ہیں۔
نئے قوانین کے تحت، اگر کوئی سرکاری ملازم یکم جنوری 2025 کے بعد نئی ملازمت حاصل کرتا ہے تو اسے تنخواہ یا پنشن میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوگا۔
وزارت خزانہ کے مطابق ملازمت کے آخری سال میں حاصل ہونے والی اضافی انکریمنٹ کو پنشن میں شامل نہیں کیا جائے گا۔ مزید برآں، خاندانی پنشن کا حساب اب نیٹ پنشن کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
نوٹیفکیشن میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ ان فیصلوں کا اطلاق یکم جنوری 2025 سے پہلے ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین پر نہیں ہوگا۔ اس کے علاوہ، ایل پی آر، ان کیشمنٹ یا قبل از وقت ریٹائرمنٹ لینے والے ملازمین پر بھی یہ قوانین لاگو نہیں ہوں گے۔