تحریک انصاف کے رہنما شبلی فراز کا کہنا ہے کہ سینٹر عون عباس بپی کو آج صبح ساڑھے 8 بجے اٹھایا گیا ہے۔
سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف شبلی فراز نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس ایوان کے ایک اور رکن کو آج اٹھا لیا گیا ہے، سینٹر عون عباس بپی کو آج صبح ساڑھے 8 بجے اٹھایا گیا ہے، کیا عون عباس بپی کو اٹھانے سے قبل چیئرمین سینٹ کو بتایا گیا تھا؟
وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے شبلی فراز کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ عون عباس بپی کی گرفتاری میرے لیے بھی ایک خبر تھی، عون عباس بپی کیخلاف پنجاب وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ نے مقدمہ درج کرایا ہے، ان پر چنکارہ ہرن کے شکار کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
شبلی فراز نے کہا کہ عون بپی کے گھر کے اندر سے گرفتاری کی ویڈیوز ہمارے پاس ہیں، ان کے گھر میں شدید توڑ پھوڑ کی گئی ہے، اعجاز چوہدری کے پروڈکشن آرڈر جاری ہونے کے بعد بھی انہیں نہیں لایا جا رہا۔
سینیٹر علی ظفر نے کہا کہ عون عباس بپی ہمارے کولیگ ہیں، جب تک وہ ایوان میں نہیں آتے، کاروائی معطل کر دیں۔ عون عباس بپی کی گرفتاری کیخلاف پی ٹی آئی ارکان نے سینیٹ اجلاس سے واک آؤٹ کر دیا۔