مادر وطن کے دفاع کی خاطر پاک فوج کے جوان اپنے خون کی قربانی دیتے چلے آرہے ہیں، نائیک رانا محمد شہباز نے دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے 9 نومبر 2024ء کو شہادت کا رتبہ حاصل کیا۔
نائیک رانا محمد شہباز شہید کے والد نے اپنے جذبات کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ میرا بیٹا بے حد شریف انسان تھا، محبت کرنے والا تھا، ہر ایک سے محبت کرتا تھا، بچپن سے ہی وہ بہت اچھا اور ملنسار بچہ تھا۔
ان کا کہنا ہے کہ وہ مجھے اکثر کہتا تھا کہ ابو میرے لیے دعا کریں کہ اللہ مجھے شہادت نصیب کرے، اس کی شہادت اس ملک و قوم کیلئے تھی اس لیے میں اپنے تمام غم بھلا کر اس کی شہادت پر فخر محسوس کرتا ہوں۔
نائیک رانا محمد شہباز کے والد نے مزید کہا کہ اس نے ملک و قوم کیلئے اپنی جان دی ہے اور اس نے میرا سر فخر سے بلند کر دیا ہے، میرے چار بیٹے ہیں اور اگر ملک و قوم کو میرے بیٹوں کی ضرورت پڑی تو میں انہیں پاکستان آرمی میں بھیجنے کیلئے تیار ہوں۔
شہید کے والد کا کہنا ہے کہ ہم پاکستان آرمی کے ساتھ ہیں اور ہمیشہ ساتھ رہیں گے، جہاں بھی ہماری ضرورت پڑی، ہم پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔