ملک میں خوردنی تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کی بڑی وجہ سامنے آگئی۔
مسابقتی کمیشن نے کراچی میں آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے دفتر پر چھاپہ مارا جس کے دوران دفتر کا تمام ریکارڈ قبضے میں لے لیا گیا جس سے ظاہر ہوا کہ خوردنی تیل کی نقل و حمل میں ٹرانسپورٹ مافیا کا گٹھ جوڑ قیمتوں میں اضافے کا باعث بنا۔
مسابقتی کمیشن کے مطابق آپریشن کے دوران اہم دستاویزات اور ڈیجیٹل ریکارڈ ضبط کیا گیا جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن نے فی کلومیٹر کرایوں کو فکس کر رکھا تھا۔
کمیشن نے واضح کیا کہ قیمتوں کو گٹھ جوڑ کے ذریعے طے کرنا صارفین کے حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
عالمی منڈی میں خوردنی تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود پاکستان میں اضافے کے رجحان پر وزیر خزانہ کی نشاندہی کے بعد معاملے کی تفتیش شروع کی گئی تھی۔
ریکارڈ سے انکشاف ہوا کہ کوکنگ آئل کی سپلائی میں ٹینکرز مافیا کا مبینہ گٹھ جوڑ قیمتوں کو مصنوعی طور پر بڑھانے کا ذمہ دار ہے۔
مسابقتی کمیشن نے بتایا کہ ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے خلاف انکوائری اپنے آخری مراحل میں ہے اور جلد ہی اس حوالے سے حتمی فیصلہ متوقع ہے۔