وزیر اعظم شہباز شریف نے چینی کی ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں چینی اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
وزیر اعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں ملک میں چینی کی سپلائی، قیمتوں کے کنٹرول اور عام عوام کو سستی اشیائے خور و نوش کی فراہمی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ مل کر عام آدمی کو بنیادی اشیاء مناسب نرخوں پر فراہم کرنے کے اقدامات یقینی بنائیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ مہینوں میں حکومت کی سخت کارروائیوں کے باعث چینی کی اسمگلنگ کے خاتمے میں مدد ملی ہے رمضان میں کسی بھی قسم کی ذخیرہ اندوزی یا مصنوعی مہنگائی کو برداشت نہیں کیا جائے گا چینی کی قیمتوں پر قابو پانے کے لیے مزید سخت اقدامات اٹھانے کی ہدایت بھی جاری کی۔
اجلاس میں رمضان المبارک کے دوران اشیائے خورد و نوش کی بلاتعطل فراہمی اور قیمتوں پر سخت نگرانیکے لیے فوری اقدامات کرنے پر بھی غور کیا گیا۔ وزیر اعظم نے واضح کیا کہ عوام کو سستی اشیاء فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہےاور اس مقصد کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔