محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتے سے ملک بھر میں بارشوں کے نئے سلسلے کی نوید سنا دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سسٹم 24 فروری سے ملک میں داخل ہوگا، جس کے نتیجے میں پنجاب، خیبرپختونخوا اور اسلام آباد میں ژالہ باری ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شمالی اور پہاڑی علاقوں میں وسیع پیمانے پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور برف باری ہو سکتی ہے۔ اعلامیہ کے مطابق آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں 25 فروری سے 2 مارچ تک بارش اور برف باری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا اور اس کے بالائی علاقوں میں 24 فروری سے یکم مارچ تک بارش اور برف باری ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ پنجاب اور اسلام آباد میں 25 فروری سے یکم مارچ تک بارش جبکہ مری اور گلیات میں برف باری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 24 فروری سے 26 فروری تک کوئٹہ، زیارت اور گردونواح میں بھی بارش اور برف باری کا امکان ہے، جبکہ سندھ کے لاڑکانہ اور سکھر ڈویژن میں 25 اور 26 فروری کو ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے سیاحوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بارش اور برف باری کے دوران سفر سے گریز کریں کیوں کہ راستوں کی بندش کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔