کراچی میں مرغی کے گوشت کی قیمتوں کو ایک بار پھر پر لگ گئے، سرکاری نرخ پر مرغی کے گوشت کی فروخت چیلنج بن گئی، ایک ماہ میں قیمتیں 250 روپے تک بڑھ گئیں۔
کراچی میں مرغی کے گوشت کی قیمتوں کو ’پَر‘ لگ گئے، عوام کیلئے سرکاری نرخ پر مرغی کا گوشت ملنا چیلنج بن گیا۔
رپورٹ کے مطابق زندہ مرغی کا سرکاری ریٹ 420 روپے کلو ہے جبکہ 500 روپے میں فروخت کی جارہی ہے، مرغی کے گوشت کی سرکاری قیمت 650 مگر 760 روپے کلو میں فروخت ہورہی ہے۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ ہمیں زندہ مرغی 470 میں ملتی ہے 420 میں کیسے بیچیں۔ خاتون خریدار نے بتایا کہ مرغی کا گوشت لینے آئی تھی مگر ایک پاؤ کلیجی لے کر جارہی ہوں۔
شہر قائد میں ایک ماہ پہلے تک مرغی کا گوشت 500 سے 550 روپے کلو تک تھا جو اب 760 روپے فی کلو میں فروخت ہورہا ہے۔
خدشہ ہے کہ رمضان المبارک میں مرغی کا گوشت 800 روپے کلو تک جاسکتا ہے۔