وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ، مواصلات اور نجکاری عبدالعلیم خان نے مراکش کے بعد آذربائیجان کا دورہ کیا۔ وفاقی وزیر نے باکو میں اہم ملاقاتیں کیں، سرمایہ کاری اور دوطرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں اسٹیٹ آئل فنڈ "سوفاز" کے سی ای او اسرافیل مامادوف سے ملاقات کی جس میں آئل اور گیس کے شعبے میں سرمایہ کاری اور تعاون بڑھانے پر گفتگو ہوئی۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ آذربائیجان پاکستانی عوام کے دل کے قریب ہے اور دونوں ممالک کے تعلقات انتہائی دوستانہ ہیں۔
وفاقی وزیر نے آذربائیجان کے سرمایہ کاروں کیلئے پاکستان میں نمائشی مراکز کے قیام کی خواہش کا اظہار کیا اور آذربائیجان پاکستان چیمبر آف کامرس کے قیام کو خوش آئند قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بزنس ٹو بزنس سرگرمیوں کے فروغ سے سرمایہ کاری میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ اجلاس میں اسرافیل مامادوف نے آذربائیجان کی اسٹیٹ آئل کمپنی نے پاکستان میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیر نے آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف کے دونوں ممالک کو قریب لانے میں کردار کو سراہا اور کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان سرمایہ کاری اور شراکت داری نئے مراحل میں داخل ہو رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آذربائیجان مواصلات کے شعبے میں بھی پاکستان کیلئے اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ عبدالعلیم خان نے آذربائیجان کے زمینی راستوں کے ذریعے وسط ایشیائی ریاستوں سے روابط بڑھانے کی تجویز دی۔
ملاقات میں چیئرمین ایس آئی ایف سی، وفاقی سیکریٹری اور چیئرمین این ایچ اے بھی شریک تھے۔
وفاقی وزیر نے آذربائیجان اسٹیٹ آئل کمپنی "سوکار" کے صدر روشان نجف سے بھی ملاقات کی۔