سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر کیس کے فیصلے پر عملدرآمد میں بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے۔
سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل کیس کے فیصلے کے پیش نظر رجسٹرار سپریم کورٹ کی جانب سے باضابطہ سرکلر جاری کر دیا گیا۔
سرکلر کے مطابق آرٹیکل 184 تین کے تمام مقدمات میں اپیلیں انٹراکورٹ اپیل کے طور دائر ہوں گی، یاد رہے کہ نیب ترامیم فیصلے کے خلاف اپیلوں کو تاحال نمبر الاٹ نہیں کیے گئے تھے۔ رجسٹرار آفس کے جاری سرکلر کے بعد اپیلوں پر نمبر لگانے کا عمل شروع ہوگا۔
خیال رہے کہ دو ہفتے قبل پاکستان کی سپریم کورٹ کے فُل کورٹ بینچ نے چیف جسٹس کے اختیارات سے متعلق پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ‘ کو برقرار رکھتے ہوئے اس کے خلاف دائر درخواستیں مسترد کر دی ہیں۔
قانون کے تحت بینچ صرف چیف جسٹس نہیں بنائیں گے بلکہ چیف جسٹس اپنے دو سینیئر ترین برادر ججوں سے مشورے کے بعد ہی بینچ کا اعلان کریں گے۔ یہ قانون پی ڈی ایم کی حکومت نے پارلیمان سے منظور کرایا تھا ، اس قانون کے خلاف مختلف درخواستیں دائر کی گئی تھیں۔