پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کی جانب سے شائقین اور سابق کرکٹرز سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ انٹرنیشل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) ورلڈ کپ 2023 میں پاکستانی ٹیم کو سپورٹ کریں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ آئی سی سی ورلڈ کپ 2023ء میں قومی ٹیم کی متواتر تین ناکامیوں پر بورڈ شائقین کرکٹ کے جذبات اور احساسات کو سمجھتا ہے البتہ اس موقع پر بورڈ انتظامیہ عوام اور سابق کرکٹرز سے امید رکھتی ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں کپتان بابراعظم اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی جائے۔
پی سی بی اعلامیہ میں کہا گیا کہ ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کو ابھی 4 میچیز کھیلنے ہیں ، امید ہے قومی ٹیم شکست کو بھول کر آنے والے مقابلوں میں مثبت اور اچھے کھیل کا مظاہرہ کرے گی۔
پی سی بی کی شائقین اور سابق کرکٹرز سے پاکستان مینز ٹیم کو سپورٹ کی اپیل
— PCB Media (@TheRealPCBMedia) October 26, 2023
آئی سی سی ورلڈ کپ 2023ء میں قومی ٹیم کی متواتر تین ناکامیوں پر بورڈ شائقین کرکٹ کے جذبات اور احساسات کو سمجھتا ہے، البتہ اس موقع پر بورڈ انتظامیہ عوام اور سابق کرکٹرز سے امید رکھتی ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں…
اعلامیہ میں کہا گیا کہ سابق کرکٹرز اور میڈیا کی جانب سے کپتان بابر اعظم اور ٹیم مینجمنٹ پر تنقید اور انہیں تبدیل کرنے پر کرکٹ بورڈ کا موقف ہے کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے، چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی چوہدری ذکاء اشرف نے ورلڈ کپ اسکواڈ میں چیف سلیکٹر انضمام الحق اور کپتان بابر اعظم کو مکمل فری ہینڈ دیا اور ان کی مرضی کے مطابق ٹیم بنانے میں کسی قسم کی روکاوٹ نہیں بنے۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ مستقبل میں بورڈ ورلڈ کپ 2023ء کی پرفارمنس کی روشنی میں فیصلے آنے والے وقت پر کرے گا، فی الحال بورڈ مکمل طور پر آئی سی سی ورلڈ کپ 2023ء میں ٹیم سے میدان میں سبز ہلالی پرچم کی سر بلندی کے لئے اچھے کھیل کے لئے پرامید ہے۔