نیپرا کے چیئرمین اور ارکان نے وفاقی کابینہ کی منظوری کے بغیر اپنی تنخواہوں میں تین گنا اضافہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اضافے کے بعد چیئرمین نیپرا کی مجموعی تنخواہ 32 لاکھ 50 ہزار روپے تک پہنچ گئی ہےجبکہ نیپرا کے ارکان کی مجموعی تنخواہ 29 لاکھ 50 ہزار روپے ہو چکی ہے۔
ریگولیٹری باڈیز کے چیئرپرسن اور ارکان کی تنخواہیں عام طور پر ایم پی ون اسکیل کے مطابق ہوتی ہیں ایم پی ون اسکیل کے تحت بنیادی تنخواہ 6 لاکھ 29 ہزار روپے سے لے کر 7 لاکھ 72 ہزار 780 روپے ماہانہ تک ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ گھر کے کرائے کی مد میں ایک لاکھ 46 ہزار سے 2 لاکھ 6 ہزار روپے اور یوٹیلیٹی الاؤنس کے طور پر 35 ہزار روپے بھی دیے جاتے ہیں۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ نظرثانی شدہ معاوضہ پیکج میں 7 لاکھ سے 7 لاکھ 73 ہزار روپے کی بنیادی تنخواہ شامل کی گئی ہےجبکہ ججز کے جوڈیشل الاؤنس کی طرز پر چیئرمین اور ارکان نے اپنے لیے 6 لاکھ 31 ہزار سے 7 لاکھ روپے ماہانہ ریگولیٹری الاؤنس بھی منظور کروا لیا ہے۔
واضح رہے کہ ترجمان نیپرا نے چیئرمین اور ارکان کی تنخواہوں میں اضافے کی نہ تصدیق کی اور نہ ہی تردید کی ہے۔