پاکستان کی برآمدات میں ایک ارب 77 کروڑ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ، وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق 7 ماہ میں برآمدات کا مجموعی حجم 19 ارب 55 کروڑ ڈالر رہا۔
وفاقی ادارہ شماریات نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ رواں مالی سال کے 7 ماہ (جولائی 2024ء تا جنوری 2025ء) ملکی برآمدات میں ایک ارب 77 کروڑ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق 7 ماہ میں برآمدات 10 فیصد اضافے سے 19.55 ارب ڈالر ہوگئیں، ٹیکسٹائل ایکسپورٹ میں 10.60 فیصد اضافہ ہوا جو 10 ارب 77 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں، گزشتہ سال کی اسی مدت میں ٹیکسٹائل برآمدات کا حجم 9 ارب 73 کروڑ ڈالر تھا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جولائی تا جنوری غذائی اشیاء کی برآمدات 4 ارب 61 کروڑ ڈالر رہیں، گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے 8.17 فیصد اضافہ ہوا، باسمتی چاول کی ایکسپورٹ 3.37 فیصد اضافے سے حجم 2 ارب 19 کروڑ ڈالر ہوگئیں۔
ایف بی ایس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مچھلی، تمباکو، چینی، گوشت اور مصنوعات کی ایکسپورٹ بھی بڑھ گئی، پھل، سبزیوں، دالوں، مصالحہ جات، آئل سیڈز کی برآمدات میں 7 ماہ کے دوران کمی ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی برآمدات 85 فیصد اضافے سے 33 کروڑ 90 لاکھ ڈالر رہیں، گلوز، لیدر مصنوعات سمیت دیگر مینوفیکچرنگ کی برآمدات میں 9.23 فیصد اضافہ ہوا، کارپٹ، کھیلوں کے سامان کی برآمدات 2 ارب 51 کروڑ ڈالر رہیں۔
وفاقی ادارہ شماریات نے بتایا ہے کہ لیدر مصنوعات کی مجموعی برآمدات 35 کروڑ 33 لاکھ ڈالر سے تجاوز کرگئیں، چمڑے کے جوتے، کینوس اور لیدر گارمنٹس کی برآمدات بھی بڑھ گئیں، کیمیکلز، فارم مصنوعات کی برآمدات 10 فیصد اضافے سے 93 کروڑ ڈالر سے زیادہ رہیں۔