وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ سعودی عرب سے سرمایہ کاری سمیت دیگر شعبوں میں معاہدوں کا اعلان سال کے آخر تک متوقع ہے، سعودی تیل کمپنی آرامکو کی سرمایہ کاری کیلئے حکومتی سطح پر مذاکرات جاری ہیں۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگ زیب نے عرب نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو میکرو اکنامک استحکام حاصل ہوچکا، ایسے میں سعودی وژن 2030ء سے سیکھنے کیلئے بہت کچھ ہے، سعودی عرب وژن 2030ء کے اہداف کے حصول میں کافی آگے نکل چکا۔
ان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ حکومتی سطح پر کئی معاہدے زیر غور ہیں، سعودی عرب سے معاہدوں کا اعلان سال کے آخر تک متوقع ہے، پاکستان اپنے سعودی شراکت داروں سے بہت کچھ سیکھ سکتا ہے۔
وزیر تجارت نے بی ٹو بی سمیت پاکستان میں بڑھتی سعودی سرمایہ کاری کو بھی اُجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی کمپنی آرامکو کی سرمایہ کاری کیلئے حکومتی سطح پر مذاکرات جاری ہیں، پہلے ہی سعودی عرب سے بزنس ٹو بزنس شعبے میں کچھ سرمایہ کاری آچکی ہے۔
محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ سعودی تیل کمپنی آرامکو کا ڈاؤن اسٹریم انڈسٹری میں آنا بہت مثبت پیشرفت ہے۔