بھارتی دارالحکومت نئی دہلی اور اس کے مضافاتی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہری خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی میں اس کے آس پاس کے علاقوں میں آج پیر کی صبح 4.0 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلے کا مرکز جنوبی دہلی میں درگا بائی دیشمکھ کالج نامی کالج کے قریب تھا۔
رپورٹ کے مطابق زلزلہ صبح 5 بجکر 36 منٹ پر آیا جو تقریباً 5 کلومیٹر زیر زمین تھا۔ دہلی کے لوگوں کا کہنا تھا کہ جب زلزلہ آیا تو ایک زوردار آواز بھی سنی گئی تھی۔
زلزلے کے بعد شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، اور لوگ کسی جانی نقصان سے بچاؤ کیلئے گھروں سے باہر نکل آئے۔ تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔
دہلی میں زلزلے کے جھٹکے آنے کے بعد بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا بھی پیغام سامنے آیا جس میں انہوں نے شہریوں کو تحمل قائم اور پرسکون رہنے کی ہدایت کی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کے جڑواں شہروں (اسلام آباد اور راولپنڈی) سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے جس کی شدت 4.8 ریکارڈ کی گئی، تاہم زلزلے کے باعث کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔
دوسری جانب پاکستان کے شہروں سمیت بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں زلزلے کے جھٹکوں کے دوران پُراسرار دھماکوں کی آواز سنی گئیں جس نے شہریوں کو شک کے ساتھ خوف میں بھی مبتلا کردیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق کچھ لوگوں نے یہ اطلاع دی کہ جب دہلی میں زلزلہ آیا تو ایک عجیب، تیز آواز، گرج جیسی آواز سنائی دی۔ وہیں پاکستانی صارفین کی جانب سے بھی اسلام آباد اور راولپنڈی میں زلزلے کے دوران پیدا ہونے والی دھماکوں کی آواز پر مختلف تبصرے کیے گئے۔