سابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ملکی مسائل کا حل صرف عام انتخابات میں ہے، الیکشن کمیشن جلد انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرے۔
جمعرات کو احتساب عدالت اسلام آباد میں نوری آباد پاور پلانٹ ریفرنس کی سماعت ہوئی جس کے دوران سابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔
احتساب عدالت نے مراد علی شاہ کو ذاتی حیثیت میں طلب کر رکھا تھا۔
سماعت کے دوران وکیل سعید ہاشمی نے بتایا کہ یہ کیس اینٹی کرپشن کورٹ سندھ کو ٹرانسفر ہوگیا تھا۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ریمارکس دیئے کہ پہلے ملزمان کی حاضری لگوا لیں، جس کی حاضری لگ جائے وہ ملزم بیٹھ جائے اور جو ملزمان نہیں آئے انہیں نوٹس جاری کردیتے ہیں۔
بعدازاں احتساب عدالت نے ریفرنس پر سماعت 28 نومبر تک ملتوی کردی۔
احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ الیکشن کی تاریخ آتے ہی بے یقینی کی کیفیت ختم ہو جائے گی، حلقہ بندیوں کا سلسلہ جاری ہے، کل اپیلوں کاوقت ختم ہو جائے گا۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ نگران حکومت صرف 2 سے3 ماہ کی ہوتی ہے لمبی ہونے سے مسلئہ ہوجاتا ہے، آئین وقانون کے مطابق نگران حکومت کوئی ایسا فیصلہ نہیں کرسکتی جو آنے والی حکومت جاری نہ رکھ سکے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نوری آباد سے سستی بجلی سندھ حکومت عوام کو دے رہی ہے۔