پاکستان میں سب سے بڑا مسئلہ اس وقت مہنگی توانائی کا ہے جس سے نہ صرف گھریلو صارفین پریشان ہیں بلکہ صنعتیں بھی بری طرح متاثر ہیں ، بجلی مہنگی ہونے کی وجہ سے روز مرہ استعمال ہونے والی اشیاء خود بخود مہنگی ہو جاتی ہیں لیکن وزیراعظم شہبازشریف نے عوام کو خوشخبری سنائی ہے جس سے بجلی کی قیمتوں میں کمی کاامکان پیدا ہو گیاہے ۔ شہبازشریف کا کہناتھا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی کرنے پر آئی ایم ایف کے نہ ماننے کا کھٹکا اب نہیں رہا ، آئی ایم ایف کے سربراہ نے کہا ہے کہ آپ بجلی کی قیمت میں کمی کا پلان بنا کر لائیں ہم اس پر بات چیت کرنے کیلئے تیار ہیں ۔
شہبازشریف نے بتایا کہ آئی ایم ایف کی مینجنگ ڈائریکٹر سے دبئی میں ملاقات ہوئی انہوں نے ہماری اقتصادی ٹیم کی بہت تعریف کی ، میں نے انہیں بتایا کہ پیدواری لاگت میں کمی آئے گی ،ڈیوٹیوں کا نظام بہتر ہو گا اور توانائی کی قیمت میں کمی آئے گی تو اس سے ہماری پیدوار بڑھے گی، ہم دنیا کے دوسرے ممالک کا مقابلہ کر سکیں گے ۔میری بات سن کر آئی ایم ایف کی سربراہ نےمثبت انداز میں اتفاق کیا اور کہا کہ آپ بجلی کی قیمتوں میں کمی کا منصوبہ لائیں ہم اس پر غور کریں گے ۔ آئی ایم ایف کے مثبت رد عمل کے بعد وزیراعظم شہبازشریف نے صوبوں کے ساتھ مل کر پلان کی تیاری پر کام شروع کرنے کی ہدایت کردی ہے ۔
پاکستان میں مہنگائی کی شرح میں واضح کمی دیکھنے میں آئی ہے جو کہ صرف دو فیصد پر آ چکی ہے جبکہ شرح سود میں حیران کن کمی ہونے کی وجہ سے بہت سے شعبوں میں سرمایہ کاری کا عمل بھی تیز ہو گیاہے جس کے ثمرات جلد ہی پاکستانیوں تک منتقل ہونا شروع ہو جائیں گے دوسری جانب اوورسیز پاکستانیوں نے عمران خان کی ترسیلات زرنہ بھیجنے کی کال کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے ڈالر بھیجنے کا ریکارڈ بنا ڈالا ہے ، مسلسل دو ماہ سے ترسیلات تین ارب ڈالر سے تجاوز کر رہی ہیں جوکہ معیشت کی بحالی میں اہم کردار ادا کر رہاہے ۔ملک میں ڈالر کی قیمت مستحکم ہو چکی ہے جس سے کاروباروں کو پھلنےپھولنے میں مدد مل رہی ہے ۔
پاکستانی معیشت کے درست سمت میں گامزن ہونے کا ثبوت کرسٹالینا جارجیو کا ایکس پر جاری پیغام ہے جس میں انہوں نے شہبازشریف سے ہونے والی ملاقات کا احوال بیان کیا، اپنے پیغام میں ان کا کہناتھا کہ وزیراعظم پاکستان کی قیادت میں پاکستان کی ٹیم سے مثبت اور مفید بات چیت ہوئی، آئی ایم ایف کے تعاون سے اصلاحات کے پروگرام کے متعلق پاکستان کے عزم سے خوشی ہوئی، اصلاحات سے شرح نمو اور نوجوان آبادی کو روزگار فراہمی میں نمایاں اضافے کی راہ ہموار ہو گی ۔
پاکستان نے انتہائی مشکل حالات کا سامنا کیاہے ، ایک وقت ایسا بھی تھا جب ہر لمحے معیشت کے ڈیفالٹ کرنے کا خطرہ منڈلا رہا تھا جبکہ آئی ایم ایف پاکستان کی مدد کرنے میں بھی ہچکچا رہا تھا،جلاؤ گھیراؤ کی سیاست کی جارہی تھی ، لیکن گہری رات گزری اور دن نکلنا شروع ہوا، پہلے نگران حکومت نے معیشت کو سنبھالنے کی کوششیں کیں، آئی ایم ایف سےکامیاب ڈیل کے بعد پاکستان کو گرے لسٹ سے نکلوانے کیلئے اقدامات ہوئے ،پاک فوج نے دہشتگردی کیخلاف زبردست آپریشن کیئے ، ان سب عوامل نے مل کر پاکستان کی معیشت کو درست سمت میں گامزن کرنے میں اہم کردار ادا کیا ۔
حکومت نے پاکستان میں معیشت کو سنبھالنے میں بہت ہی شاندار کام کیاہے اور امید ہے کہ شہبازشریف پاکستان کے عوام کیلئے سستی بجلی کا انتظام کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے، فی الحال جو کامیابیاں حاصل ہوئیں ہیں وہ شاندار ہیں لیکن انہیں برقرار رکھنے اورترقی کی سیڑھیاں چڑھنے کیلئے دن رات محنت کرنا ہو گی ۔