انٹرنیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو 2025ء رنگا رنگ انٹرنیشنل ٹینٹ پیگنگ کے تیسرے اور آخری دِن سنگل لائن، ڈبل، ٹرپل اور چار شاہ سواروں کے فائنل مقابلے اختتام پذیر ہوگئے۔
انٹرنیشنل ٹینٹ پیکنگ فرینڈ شپ ٹورنامنٹ کا تین روزہ انعقاد بینین ٹری پولو گراؤنڈ کینٹ لاہور میں ہوا، جس میں جنوبی افریقا، سعودی عرب، مصر، روس، قطر، کویت، امریکا، ناروے اور پاکستان کی ٹیموں نے حصہ لیا۔
تیسرے دن کے فائنل نتائج میں پاکستان نے پہلی پوزیشن، مصر نے دوسری، سعودی عرب تیسری، چوتھی جنوبی افریقا نے حاصل کی۔ 9 انٹرنیشنل ٹیموں اور 36 انٹر نیشنل کھلاڑیوں نے انٹرنیشنل ٹینٹ پیگنگ فرینڈ شپ ٹورنامنٹ میں حصہ لیا۔
تیر اندازی کے مقابلوں میں پاکستان، روس، ترکی، ایران اور كزاخستان کے 16 کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ تیر اندازی کے مقابلے میں كزاخستان کی ٹیم نے پہلی پوزیشن، ترکی دوسری اور ایران نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
رپورٹ کے مطابق نیزہ بازی کی 9 اور تیراندازی کی 5 بین الاقوامی ٹیمیں مقابلوں میں شامل رہیں، شاہ سواروں نے گھڑ سواری اور نیزہ بازی کی کمال مہارت کا مظاہرہ کیا جسے شائقین کی جانب سے خوب سراہا گیا، جیتنے والی ٹیموں کے گھڑ سواروں اور تیر اندازوں میں ٹرافیاں اور میڈلز تقسیم کیے گئے۔