سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکرٹریٹ نے سینیٹر افنان اللہ خان کا سول سرونٹس ترمیمی بل کثرت رائے سے منظورکرلیا۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکرٹریٹ کا رانا محمود الحسن کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں سینیٹر افنان اللہ خان کا سول سرونٹس ترمیمی بل کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا۔
بل کے تحت دہری شہریت رکھنے والا شہری سول سرونٹ تعینات نہیں ہو سکتا۔
ترمیمی بل کے حق میں 2 جبکہ مخالفت میں ایک ووٹ آیا ، سینیٹر سعدیہ عباسی نے بل کیخلاف جبکہ ایمل ولی خان اور سیف اللہ نیازی نے حق میں ووٹ دیا۔
اجلاس کے دوران کمیٹی رکن ایمل ولی خان نے اختلاف کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ کیا ایک جج اور بیوروکریٹ دہری شہریت رکھ کر ملک سے وفاداری کررہا ہے ، عدلیہ ، دفاعی اداروں اور تمام پاکستانیوں کے لیے یہی ایک قانون ہونا چاہئے۔
سینیٹر افنان اللہ نے کہا اس حوالے سے بھی قانون سازی کی جائے گی۔
کمیٹی کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن حکام نے بتایا وزارتوں اور محکموں سے دہری شہریت والے افسران کی تفصیلات مانگی تھیں، ابھی تک صرف 10 وزارتوں اور محکموں نے جواب دیا ہے۔
حکام نے بتایا کابینہ ڈویژن میں ایک ، ایف بی آر میں دو، کسٹمز میں 8 اور ان لینڈ ڈویژن میں بھی 8 افسران دہری شہریت رکھتے ہیں۔