ضلع کرم میں امن معاہدے کے بعد فریقین کے بنکرز کی مسماری کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک دونوں جانب سے 130 بنکرز کو مسمار کیا جا چکا ہے۔
ضلع کرم میں فریقین کے مابین امن معاہدے پر عملدرآمد جاری ہے اور اس سلسلے میں فریقین کے بنکرز کی مسماری کا سلسلہ بھی جاری ہے جبکہ تاحال فریقین کے 130 بنکرز مسمار کئے جاچکے ہیں۔
لوئر کرم کے مختلف علاقوں میں تین ہزار فٹ پر مشتمل لمبی خندق کو بھاری مشینری کے ذریعے بند کردیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق لوئر کرم میں بگن بازار کی تزئین و آرائش پر کام جاری ہے اور لڑائی جھگڑوں اور دہشتگردی سے متاثرہ افراد کو امدادی رقوم دی جارہی ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق معاہدے کے بعد حالات بہتری کی طرف جارہے ہیں اور اپر کرم میں پاراچنار اور ملحقہ دیہاتوں کو اب تک تجارتی سامان کی 853 گاڑیاں بھجوائی جا چکی ہیں جبکہ ہیلی سروس کے ذریعے مریضوں اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پشاور پہنچانے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
دوسری جانب عوام مطالبہ کررہے ہیں کہ ادویات اور فیول و گیس کی شارٹیج کو پورا کرنے کیلئے اقدامات کی اشد ضرورت ہے، ایندھن نہ ہونے کے باعث نظام زندگی درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے۔