خیبرپختونخوا حکومت نے رمضان المبارک کے دوران مستحق گھرانوں کو 10، 10 ہزار روپے دینے کا اعلان کردیا، ہر صوبائی حلقے کے 5، 5 ہزار خاندانوں کی معاونت کی جائے گی، یہ اعلان وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے خیبرپختونخوا کابینہ اجلاس کے دوران کیا۔
پشاور سول سیکرٹریٹ میں خیبرپختونخوا کابینہ اجلاس سے وزیراعلیٰ نے خطاب کیا۔ انہوں نے رمضان المبارک کے مہینے میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے منتخب عوامی نمائندوں اور مقامی انتظامیہ کو مل کر کام کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ تمام کابینہ اراکین اپنے متعلقہ ڈویژنز اور اضلاع میں انتظامیہ کے ساتھ مل کر باقاعدگی سے فیلڈ وزٹس کریں، صوبائی حکومت نے اس سلسلے میں پہلے ہی تمام کمشنروں اور ڈپٹی کمشنروں کو تحریری احکامات جاری کئے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت اس رمضان میں بھی مستحق خاندانوں کی بھرپور معاونت کرے گی، صوبائی حلقے کی سطح پر 5 ہزار مستحق گھرانوں کو 10، 10 ہزار روپے دیئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ رمضان پیکیج کی تقسیم ایک صاف اور شفاف طریقۂ کار کے تحت کی جائے گی۔