آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کی مشکلات کم ہونے کا نام نہیں لے رہیں، فاسٹ بولر مچل اسٹارک بھی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے دستبردار ہوگئے۔
آسٹریلوی اسٹار بولر مچل اسٹارک ذاتی وجوہات کی بناء پر 19 فروری سے پاکستان میں شروع ہونے والی چیمپئنز ٹرافی سے دستبردار ہوگئے۔
کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ مچل اسٹارک کے فیصلے کو سپورٹ کرتے ہیں، اسٹارک نے میڈیا سے پرائیویسی کی درخواست کی ہے، اسٹارک اس حوالے سے کوئی تبصرہ نہیں کریں گے۔
واضح رہے کہ کپتان پیٹ کمنز، فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ اور مچل مارش پہلے ہی فٹنس مسائل کے باعث چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہوچکے ہیں جبکہ آل راؤنڈر مارکوس اسٹوئنس نے ون ڈے کرکٹ سے فوری طور پر ریٹائرمنٹ لے لی ہے۔
دوسری جانب کرکٹ آسٹریلیا نے چیمپئنز ٹرافی کیلئے حتمی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے، پیٹ کمنز کے باہر ہونے کے باعث اسٹیو اسمتھ ایونٹ میں آسٹریلیا کی قیادت کریں گے۔
چیمپئنز ٹرافی کیلئے آسٹریلوی اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا، اسٹیو اسمتھ (کپتان)، شان ایبٹ، الیکس کیری، بین ڈار شیوس، ناتھن ایلس، جیک فریزر میکگرک، ایرون ہارڈی، ٹریوس ہیڈ، جوش انگلس اور اسپینسر جانسن۔
اس کے علاوہ مارنوس لبوشین، گلین میکسویل، تنویر سنگھا، میتھیو شارٹ اور ایڈم زیمپا بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔
چیئرمین سلیکشن پینل جارج بیلی کا کہنا ہے کہ ابتدائی اسکواڈ میں انجریز اور ریٹائرمنٹ کی وجہ سے متعدد تبدیلیاں کرنا پڑیں، ان کھلاڑیوں کو بلایا ہے جنہوں نے گزشتہ 12 ماہ میں اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 19 فروری سے 9 مارچ تک پاکستان میں کھیلی جائے گی۔