کراچی میں ہیوی ٹریفک کے باعث حادثات پر اشتعال انگیز بیان پر پولیس نے چیئرمین مہاجر قومی موؤمنٹ آفاق احمد کو گرفتارکرلیا۔ حکام کے مطابق آفاق احمد کے اُکسانے پرشہرمیں 4 مال بردار گاڑیاں جلائی گئیں۔ دس افراد کو حراست میں بھی لے لیا گیا۔
مہاجر نوجوانوں کو بڑا بھائی سمجھ کر حکم دے رہا ہوں کہ منگل کے روز سے شہر میں ہیوی ٹریفک نہیں ہونا چاہیئے، چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ کے اس اشتعال انگیز بیان بیان نے جلتی پر تیل کا کام کیا، نامعلوم افراد سڑکوں پر نکلے۔
لانڈھی، لیاقت آباد اور سرجانی میں مال بردار ٹرک ، کنٹینر اور ٹینکر کو آگ لگا دی ۔ گاڑیاں جلیں تو آفاق احمد نے شہریوں سے تحمل کی اپیل کی۔
آفاق احمد نے کہا کہ عوام سے درخواست ہے رد عمل میں گاڑیوں کو آگ نہ لگائیں ۔۔ کیونکہ اس سے کوئی تیسری پارٹی فائدہ اٹھا کر نقصان کر سکتی ہے ۔۔ عوام ہیوی ٹریفک کو آگ نہ لگائیں روکیں تو ہوا نکال دیں۔
پریس کانفرنس کے دوران پولیس افسر کی انٹری ہوئی۔ پھر کچھ گھنٹوں بعد حالات بدلے اور آفاق احمد کو گرفتارکرلیا گیا ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ آفاق احمد کے کہنے پر کراچی میں مال بردار گاڑیاں جلائی گئیں۔ جلاؤ گھیراؤ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
بیالیس دنوں میں 104 افراد کے جاں بحق ہونے کے بعد پولیس ہیوی ٹریفک مافیا کو تو لگام نہ ڈال سکی مگر 4 گاڑیاں جلیں تو کراچی پولیس چیف نے آگ لگانے والے ملزمان کے خلاف دہشتگردی ایکٹ کےتحت مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔ دس افراد کو حراست میں بھی لے لیا گیا ہے، وزیرداخلہ سندھ نے واضع کردیا کہ کسی کوقانون ہاتھ میں لینےکی اجازت کسی کو نہیں۔