چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کراچی نیشنل سٹیڈیم کو ریکارڈ مدت میں مکمل کرنے پر مزدوروں کے اعزاز میں عصرانے کا اہتمام کیا اور اس موقع پر تمام ورکرز کا شکریہ بھی ادا کیا ، انہوں نے مزدوروں سے موبائل فون لے کر دینے کا وعدہ بھی کر لیا ۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کراچی نیشنل سٹیڈیم میں ورکرز کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے مہمان خصوصی یہ مزدور ہیں، ان کے آنے کا بہت بہت شکریہ، ہماری پوری ٹیم مبارک باد کی مستحق ہے ، ان لوگوں نے دن رات لگا کر یہ کام مکمل کیاہے ، نیشنل سٹیڈیم کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم سے بھی بہتر بنایا گیاہے ۔
ان کا کہناتھا کہ نیشنل اسٹیڈیم کا ویو بھی لاہور کے قذافی اسٹیڈیم سے بہترہے، ابھی بھی اس سٹیڈیم کا بہت کام باقی ہے ، جب ٹرافی ختم ہو گی تو باقی کام کریں گے ، پی سی بی نے نیشنل سٹیڈیم پرجیکٹ کو یقینی بنانے کیلئے 18 گھنٹے کام کیاہے ۔ آج تنقید کرنے والے ہار ے ہیں اور ہم جیتیں ہیں ، یہ گراونڈ جب مکمل ہو گا تو لاہور سے بہتر ہو گا۔
ٹیم کی کارکردگی
محسن نقوی نے قومی ٹیم کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کرکٹ ٹیم بہادر ہے ، ایک دو میچز سے ناراض نہ ہوں ، اپنی ٹیم پر اعتماد کریں ، پہلے جس طرح رزلٹ دیئے اب بھی دیں گے ، محمد رضوان اور اسلیکشن کمیٹی پر اعتماد ہے ، یہ کرکٹ ٹیم میدان مارے گی ۔
محسن نقوی نے مزدوروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مزدوروں کو میچ کے ٹکٹس دیئے تھے لیکن لاہور کی کمپنی نے ٹکٹس مزدوروں کی بجائے اپنے رشتہ داروں کو دے دیئے ، کراچی کے مزدوروں کے ساتھ ایسا نہیں ہونے دیں گے ۔
ورکرز کا اظہار تشکر
ورکرز کا کہنا تھا کہ سٹیڈیم بنانے میں ہم نے بہت محنت کی ہے ، پاکستان ہر میدان پر جیتے گا، ہمارے اعزاز میں عصرانہ دیا گیا جو کہ خوشی کا لمحہ ہے ۔ اس موقع پر ورکرز کی جانب سے پاکستان زندہ باد اور محسن نقوی زندہ باد کے نعرے بھی لگائے گئے ۔ اس موقع پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے مزدوروں کو موبائل فون لے کر دینے کا بھی وعدہ کر لیا ۔
یاد رہے کہ لاہور کرکٹ سٹیڈیم کی تعمیر میں کام کرنے والے ایک مزدور نے محسن نقوی سے کہا تھا کہ اس کے پاس موبائل فون نہیں ہے جس کی وجہ سے وہ ٹک ٹاک ویڈیوز نہیں بنا سکتا، جس پر محسن نقوی نے اسے موبائل فون لے کر دینے کا وعدہ کیا اور اگلے ہی روز نیا موبائل فون بطور تحفہ دیا تھا ۔