پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم نے کراچی کے شہریوں سے میچ دیکھنے کے لئے اسٹیڈیم نہ آنے کا گلہ کردیا۔
نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی کی تعمیر نو کے بعد افتتاحی تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ کوشش کریں گے کل کے میچ اور چیمپئنزٹرافی میں اچھی کارکردگی دکھائیں، ہم لوگوں کے پیار کیلئے ہی کھیلتے ہیں۔
بابر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم کو شائقین کی یہی سپورٹ چاہیے تاہم کراچی والوں سے گلہ ہے کہ میچ نہیں دیکھنے آتے۔
اس موقع پر کپتان محمد رضوان کا کہنا تھا کہ کراچی کا اسٹیڈیم بھی لاہور کی طرح خوبصورت لگ رہا ہے اور امید ہے اسٹیڈیم کی طرح ہمارے نتائج بھی خوبصورت ہوں گے۔
نائب کپتان سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ اتنے زیادہ فینز اوپننگ دیکھنے آئے ہیں ، امید ہے میچ بھی دیکھنے آئیں گے۔
فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کا کہنا تھا کہ اسٹیڈیم بہت خوبصورت ہے اور کراچی والے ہمیشہ اپنی ٹیم کو سپورٹ کرتے ہیں، امید ہے کل بھی فینز اسٹیڈیم آکر اپنی ٹیم کو سپورٹ کریں گے۔
شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ شکریہ کراچی آپ لوگ آج آئے ہیں، یہی سپورٹ چیمپئنزٹرافی میں چاہئے جبکہ حارث رؤف کا کہنا تھا کہ کراؤڈ کو انجوائے کرانے کی کوشش کرتے ہیں، ہم ان فینز کی وجہ سے ہیں۔
فخر زمان کا کہنا تھا کہ ہم اکثر سنتے تھے کراچی کے لوگ گراؤنڈ کا رخ نہیں کرتے لیکن آج اتنے زیادہ لوگوں کو دیکھ کر خوشی ہوئی ہے۔