بھارتی کرکٹ ٹیم کے اہم فاسٹ باؤلر جسپریت بمراہ چیمپئنز ٹرافی 2025 سے باہر ہوگئے۔
بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا ( بی سی سی آئی ) کی جانب سے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں بتایا گیا کہ فاسٹ باؤلر جسپریت بمراہ چیمپئنز ٹرافی 2025 سے باہر ہوگئے ہیں۔
بیان میں بتایا گیا کہ جسپریت بمراہ کمر میں تکلیف سے باعث آئی سی سی ایونٹ سے باہر ہوئے ہیں اور ان کی جگہ ہرشیت رانا کو حتمی اسکواڈ کا حصہ بنالیا گیا ہے۔
گزشتہ ماہ جنوری میں آسٹریلیا کے خلاف سڈنی ٹیسٹ کے دوران بمراہ کو چوٹ لگی تھی جس کے باعث وہ انگلینڈ کے خلاف وائٹ بال سیریز سے بھی باہر ہوگئے تھے۔
رپورٹس کے مطابق بھارتی فاسٹ باؤلر کے دوبارہ ان ایکشن ہونے سے متعلق تاحال کسی ٹائم لائن کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے تاہم امکان ہے کہ وہ ایک یا دو ہفتوں میں دوبارہ رننگ شروع کر دیں گے اور پھر اس کے بعد آہستہ آہستہ بولنگ شروع کریں گے۔
یہ دوسرا آئی سی سی ٹورنامنٹ ہے جو بمراہ تکلیف کی وجہ سے نہیں کھیل پائیں گے، اس سے قبل وہ کمر کی تکلیف کی وجہ سے آسٹریلیا میں 2022 میں کھیلے گئے ٹی 20 ورلڈ کپ سے بھی باہر ہو گئے تھے۔
دوسری جانب یشسوی جیسوال کی جگہ ورون چکرورتی کو بھی بھارتی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
بھارتی اسکواڈ
روہت شرما بھارتی ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ شبمن گل نائب کپتان ہوں گے۔
دیگر کھلاڑیوں میں ویرات کوہلی، شریاس ائیر، کے ایل راہول ، رشبھ پنت، ہاردک پانڈیا، اکشر پٹیل، واشنگٹن سندر، کلدیپ یادو ، ہرشیت رانا، محمد شامی، ارشدیپ سنگھ، رویندرا جدیجا اور ورون چکرورتی کا نام شامل ہے۔
بھارتی ٹیم کے نان ٹریولنگ ریزرو کھلاڑیوں میں یشسوی جیسوال، محمد سراج اور شیوام دوبے شامل ہیں۔