وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات ( یو اے ای ) کے صدر محمد بن زاید آل نہیان سے ملاقات کی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف اور اماراتی صدر محمد بن زاید آل نہیان کے درمیان ملاقات میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر بھی موجود تھے۔
ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور تعاون کے مزید فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ اقتصادی ، تجارتی اور دیگر شعبوں میں موجود اشتراک و تعاون پر بھی بات چیت کی گئی۔
ملاقات میں عالمی چیلینجز سے نمٹنے کیلئے ورلڈ گورنمنٹس سمٹ کی اہمیت پر گفتگو کی گئی اور ترقی کی رفتار میں اضافے اور بہتر مستقبل کی تعمیر کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان مشرق وسطیٰ میں ہونے والی پیشرفت ، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا جبکہ علاقائی سلامتی ، استحکام اور امن کیلئے بین الاقوامی کوششوں کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔