سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سائنس و ٹیکنالوجی نے حکومت سے ڈاؤن سائزنگ پالیسی پر نظرثانی کی سفارش کردی، کمیٹی چیئرمین کامل علی آغا نے وزرات سے نکالے جانے والے ملازمین سے متعلق ایک ماہ میں جامع رپورٹ طلب کرلی۔
ایڈیشنل سیکرٹری سائنس و ٹیکنالوجی نے کمیٹی کو رائٹ سائزنگ اقدامات پر بریفنگ میں بتایا کہ وزارت کی کونسل برائے ورکس اینڈ ہاؤسنگ ریسرچ کو ختم اور پاکستان کونسل برائے سائنس و ٹیکنالوجی کو بھی تحلیل کیا جائے گا ۔ ان اداروں کے ملازمین کے مستقبل کا فیصلہ وفاقی حکومت کرے گی ۔۔
کمیٹی کو بتایا گیا کہ فارغ ہونے والے ملازمین کو دوسرے اداروں میں ایڈجسٹ کرنا آسان نہیں وزارت کی رائٹ سائزنگ کی متعدد تجاویز کو کابینہ نے تسلیم نہیں کیا ایکٹ آف پارلیمنٹ کے تحت بننے والے ادارے ایکٹ ختم ہونے تک ختم نہیں ہوں گے ۔
کمیٹی چیئرمین کامل علی آغا کا کہنا تھا کہ رائٹ سائزنگ میں ہمیشہ ملازمین متاثر ہوتے ہیں ملازمین کی زندگی موت کا سوال ہے، پالیسی بنائیں کہ بند ہونے والے اداروں کے ملازمین دیگر کن محکموں میں ایڈجسٹ ہوں گے ۔