وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی حکومت پاک فوج اور عوام کو لڑوا رہی ہے۔
ہفتے کو صوابی میں منعقدہ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ جو اپنے لوگوں پہ گولیاں چلاتے ہیں ایسے حکمرانوں پر ہم تھوکتے ہیں، خون کا بدلہ خون ہے اور اسلام نے ہمیں یہ حکم دیا ہے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کہتا ہے ہم پاکستان کی خاطر بات چیت کے لئے تیار ہے اور اگر تیار نہ ہوئے اور ہمیں لڑوایا تو ہتھیار ہمارے پاس بھی ہے، ہم اپنا حق مانگتے ہیں جو ہمارے سامنے آئے گا ہم لڑیں گے۔
علی امین کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی جیل میں بیٹھ کر جیت گیا اور یہ حکمران ایوان میں بیٹھ کر ہار گئے ہیں۔
بیرسٹر گوہر
جلسے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ 8 فروری 2024 کوعوام نے تاریخ رقم کی تھی اور آج پھر آپ نے تاریخ رقم کردی ہے، ہم اپنا مینڈیٹ کبھی نہیں بھولیں گے۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے نام پر 8 فروری کے الیکشن میں 180 نشستوں کی برتری دلائی تھی، کے پی میں دوتہائی اور پنجاب میں سنگل میجورٹی تھی لیکن رات کی تاریکی میں مینڈیٹ چوری کیا گیا۔
جنید اکبر
پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر کا جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کارکن بڑی تعداد میں صوابی کے جلسے میں شریک ہوئے ہیں اور آپ نے ان لوگوں کو پیغام دیا جو کہتے تھے تحریک انصاف کے کارکن ڈر گئے ہیں۔
جنید اکبر کا کہنا تھا کہ یہ ملک میرا اور یہ زمین بھی میری ہے ، اداروں کو مضبوط دیکھنا چاہتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ بہت جلد بانی پی ٹی آئی کال دینے والے ہیں آپ تیار رہنا ، ہمیں سپورٹ کرنے پر میں آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں ، قانون کی حکمرانی ہونے تک اپنے ٹیکس نہ دیں اور اب پہلے سے زیادہ تعداد میں باہر نکلنا ہوگا۔