بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) عمران خان نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کو ایک اور خط لکھ دیا۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو لکھے گئے اپنے دوسرے خط میں بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ اس سے قبل ملک کی بہتری کیلئے نیک نیتی سے خط لکھا تھا۔
بانی پی ٹی آئی کی جانب سے لکھا گیا کہ ’ مجھے موت کی چکی میں رکھا گیا اور ورزش کرنے والا سامان اور ٹی وی تک لے لیا گیا جبکہ مجھ تک اخبار بھی پہنچنے نہیں دیا گیا‘۔
عمران خان نے لکھا کہ ’ مجھے دوبارہ بھی 40 گھنٹے لاک اپ میں رکھا گیا ‘۔
انہوں نے لکھا کہ ’ میرے بیٹوں سے پچھلے چھ ماہ میں صرف تین مرتبہ میری بات کروائی گئی اور پچھلے چھ ماہ میں گنتی کے چند افراد کو ہی مجھ سے ملوایا گیا ‘۔
بانی پی ٹی آئی نے لکھا کہ ’ واضح عدالتی احکامات کے باوجود میری اہلیہ سے ملاقات نہیں کرائی جاتی اور میرے سارے کیسز کے فیصلے دباؤ کے ذریعے دلوائے جا رہے ہیں ‘۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ’ ہمارے ورکرز اور سپورٹرز کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ سیاسی عدم استحکام کے باعث معیشت کا برا حال ہے ‘۔
پہلا خط
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی بانی پی ٹی آئی کی جانب سے آرمی چیف کو خط لکھا گیا تھا تاہم سیکیورٹی ذرائع خط ملنے کی تردید کی تھی۔
لازمی پڑھیں۔ بانی پی ٹی آئی نے آرمی چیف کو خط بھجوایا ہے، فیصل چوہدری
عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نے خط کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا تھا کہ ’ بانی پی ٹی آئی کا خط چھ نکات پر مشتمل ہے اور خط میں لکھا گیا ہے کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں فوج تب کامیاب ہوتی ہے جب قوم اس کے پیچھے کھڑی ہو ‘۔
پہلے خط میں عمران خان نے آرمی چیف سے پالیسی میں رد و بدل کی درخواست بھی کی تھی۔